گھوٹکی/ لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی صدر آصف علی زرداری نے جے آئی ٹی رپورٹ میں نام آنے اور ای سی ایل میں نام ڈالے جانے پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نےکہا کہ اردو میں اس لیے بات کرتا ہوں کہ اسلام آباد میں بہرے، گونگے اور اندھے لوگ رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے 18 ویں ترمیم میں قدرتی وسائل میں صوبوں کو حق دیا ہے تو گھوٹکی کا کیا قصور اس کا حق ان کو نہیں ملتا، یہ چھوٹی بات نہیں، اگر یہ بات نکلے گی تو دور تک جائے گی۔
سابق صدر کا کہنا تھاکہ میری گیس فیلڈز یا کوئلے کی کانیں نہیں ہیں، ہم نے ان کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ میں غریبوں کی ملکیت بنادیا کیونکہ پیپلزپارٹی کی فلاسفی ہے کہ پہلا حق غریب اور مقامی لوگوں کا ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ آپ کے کہنے سے پاکستان مضبوط نہیں ہوتا، ملک تب مضبوط ہوتا ہے جب عوام خوش ہوں، ہم نے کیا گناہ کیا، ہم نے جو کام کیے وہ آنے والی تاریخ لکھے گی۔
پیپلزپارٹی کے صدر کا کہنا تھاکہ آپ کو اگر اس بات کی تکلیف ہے کہ اتنی دھاندلی سندھ میں نہ کراسکے جتنی کہیں اور کرائی تو کوشش کرکے دیکھ لیں ہم اس کا بھی مقابلہ کریں گے، ہم نے الیکشن جیت کر بھی اپوزیشن میں بیٹھ کر دیکھا ہے، ہم لوگوں کی خدمت کرنے آتے ہیں، اپنی خدمت کرنے نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ کسی چیز سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں، جس قوم میں ایکا ہو اور اس نے اپنے حقوق سمجھ لیے ہوں تو اس قوم کو کوئی بھی جھکا نہیں سکتا، نہ آپ کی قیادت کو اور ورکروں کو کوئی ڈراسکتا ہے اور نہ جھکا سکتا ہے۔
Post a Comment Blogger Facebook