اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں حکومت خود اپنے وزن سے گر جائے گی
اسلام آباد میں مریم اورنگزیب اور مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ حکومت جھوٹوں کا ٹولہ ہے، اتنے جھوٹ بولنے والے کبھی اکٹھے نہیں ہوئے ، یہ اتنی جھوٹی حکومت ہے کہ ایک دن کا بیان دوسرے دن سے نہیں ملتا، حکومت کا مشورہ ہے کہ اگر وزیراعظم، وزیر خزانہ و اطلاعات منہ بند رکھیں اور جھوٹ بولنا چھوڑ دیں تو حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس حکومت میں اکثر لوگوں کو پتا نہیں ہوتا کہ ان کا کیا کام ہےخود عمران خان بھی اکثر بھول جاتے ہیں کہ وہ وزیراعظم ہیں، معیشت کے بارے میں بہت سے شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، بے روز گاری بڑھی ہے اور افراط زر میں اضافہ ہوا ہے، ایف بی آر نے ٹیکس ریونیو 176 ارب روپے کم جمع کیا جو حکومت کی ناکامی ہے جب کہ حکومت نے ڈالر کی قیمت بڑھائی لیکن ایکسپورٹ میں کمی آئی۔
(ن) لیگ کے رہنما نے کہا کہ حکومت کے اپنے ترجمان نے اپنی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، فرخ سلیم حکومت کے معیشت پر ترجمان ہیں اور وہ کہتے ہیں کہ خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں، اب اگر خطرہ ہے تو سب کو اس پر تشویش ہونی چاہیے، ہم وزیر اعظم، وزیر خزانہ ، وزیر اطلاعات یا حکومت کے ترجمان کی بات پر یقین کریں، ان کا تو کہنا ہے کہ حکومت جھوٹ بول رہی ہے اور معیشت پر اثرات چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب قانون کالا اور اندھا قانون ہے، نیب کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں آیا،الزام وہ لگائیں جو حقیقت ہو جو الزام لگائیں یا نوٹس دیں میں سامنا کرنے کو تیار ہوں، اسحاق ڈار کو اگر میں نے باہر بھجوایا ہے تو میرے خلاف مقدمہ درج کروائیں۔
Post a Comment Blogger Facebook