کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پارٹی کی ہدایت پر آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست کراچی میں واقع الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں جمع کرائی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیاہےکہ آصف علی زرداری نیو یارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جانے والے اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ آئین کے مطابق آصف زرداری صادق اور امین نہیں رہے لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ آصف زرداری کی پراپرٹی کے دستاویزات اور درخواست جمع کروائی ہے، آصف زرداری نے جائیداد کا قانونی دستاویزات میں ذکر نہیں کیا، الیکشن کمیشن سے گزارش ہے کہ جائیداد کی تحقیقات کی جائے اور اگر ہماری درخواست ٹھیک ہے تو آصف زرداری کو اسمبلی سے نااہل کیا جائے۔خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ امریکا میں جائیداد کے کاغذات ہم نے جمع کرائے ہیں، اس بات کی تحقیقات کی جائے کہ یہ جائیداد کیسے خریدی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یوسف خٹک نے معلوم کیا ہے اور اسلام آباد سے اجازت کے بعد درخواست لے لی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور اب دوسرے کی باری ہے، اب دوسری اچھی خبر ملے گی،جے آئی ٹی تحقیقات میں لگی ہوئی ہے، کرپشن کے بڑے ہاتھیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ عوام کا پیسا کیسے استعمال کیا ہے یہ پتا لگ رہا ہے، عوام کے پیسے سے ملک سے باہر پراپرٹی خریدی گئی، نیب بھی تحقیقات کرے کیونکہ وہ ایک آزاد ادارہ ہے۔
Post a Comment Blogger Facebook