مسلم لیگ ن کی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک میں اس وقت جھوٹی، چور اور دھوکے باز حکومت ہے ، عمران خان میاں شہباز شریف سے خوفزدہ ہیں۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے الزامات کے باوجود آج تک نواز شرف پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی، اللہ تعالیٰ اِس مقدمے میں بھی نواز شریف کو سرخرو کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو چکر اور دھوکا دینا ہو تو نواز شریف پر این آر او کا الزام لگا دو، بجلی اور گیس مہنگی کرنی ہوتو شہباز شریف کو گرفتار کر لو، ڈالر مہنگا کرنا ہو توحمزہ شہباز کو باہر جانے سے روک لو، ایک کروڑ نوکریاں اور10 لاکھ گھر وں کا جواب دینا ہو تو سعد رفیق کو گرفتار کر لو۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان کو چور دروازے سے این آر او دینا ہو تو دوسروں کو چور کہنا شروع کر دو، ان کا مزید کہنا تھا کہ سعد رفیق کا پروڈکشن آڈر ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔حنیف عباسی کی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کی مذمت کرتی ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ کون سا قانون ایم ایس کو کال ریکارڈ کرنے اور پھر تشہیرکی اجازت دیتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایم ایس صاحب کے اِس عمل کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، حنیف عباسی کی بیٹی کا قصور یہ تھا کہ وہ حنیف عباسی کی بیٹی ہے،انہوں نے بتایا کہ حنیف عباسی کی بیٹی کو اپنے والد کی گرفتاری کے بعد مشکلات اور دباؤ کا سامنا تھا۔
Post a Comment Blogger Facebook